ٹوپی
ٹوپی {ٹو (واؤ مجہول) + پی} (ہندی)
ہندی زبان میں بطور اسم مستعمل ہے اور ہندی سے اردو میں ماخوذ ہے اور اصلی حالت اور اصلی معنی میں ہی عربی رسم الخط کے ساتھ اردو زبان میں بطور اسم مستعمل ہے 1732ء میں "کربل کتھا" میں مستعمل ملتا ہے۔
اسم نکرہ (مؤنث - واحد)
جمع: ٹوپِیاں {ٹو (واؤ مجہول) + پِیاں}
جمع غیر ندائی: ٹوپِیوں {ٹو (واؤ مجہول) + پِیوں (واؤ مجہول)}
معانی
[ترمیم]1. کلاہ، سرکی پوشش۔
"نوجوان ایک بادامی ریشمی سوٹ پہنے ہوئے تھا سر پر ٹرکی ٹوپی تھی۔"، [1]
2. پرانے طرز کی بندوق میں استعمال کرنے کا پٹاخا جسے بھری ہوئی بندوق کے نپل پر چڑھا دیا جاتا ہے اس کی تہ میں ٹکر سے آگ بھڑکنے والا مسالا جما دیا جاتا ہے جو بندوق کے گھوڑے کی ضرب سے بھڑک کر بارود میں آگ لگا دیتا ہے یہی ٹوپی کارتوس کے پیندے میں بھی اسی غرض سے لگائی جاتی ہے۔
(اصطلاحات پیشہ وراں)
"کارتوس تو وہ بھی اچھے بناتے ہیں مگر ان کی ٹوپی نہیں بدلی جا سکتی۔"، [2]
3. کپڑے وغیرہ کا وہ خول جو شکاری پرندوں کے منہ پر چڑھا دیتے ہیں۔
؎ وہ بدگمان ہوں کہ خط دے کے بندکیں آنکھیں
پنہائی باز کی ٹوپی سر کبوتر پر، [3]
4. سرذکر، حشفہ۔ (جامع اللغات)
5. کسی پھول وغیرہ کے اوپر کا خول۔
"بھلاواہ کی ٹوپیاں تمام دور کر کے ہانڈی میں ڈالیں۔"، [4]
6. بھنڈی کے اوپر کا حصہ جو پکاتے وقت کاٹ دیا جاتا ہے۔
"آسیہ بھنڈیوں سے اتاری ہوئی ٹوپیاں لے آتی اور ان سے اپنی ہانڈی پکاتی۔"، [5]
7. { نباتیات } ککرمتے کے اوپر کا حصہ جو گول چھتری نما ہوتا ہے اور ایک ڈنڈی کی چوٹی پر واقع ہوتا ہے۔
"اس کا ایک جسم، گول، چھتری نما سر ہوتا ہے، جس کو ٹوپی (Pilevs) کہتے ہیں یہ ایک ڈنڈی (ڈنٹھل Stipe) کی چوٹی پر واقع ہوتا ہے۔"، [6]
8. مائع پیما آلہ کے نچلے سرے پر چھوٹی وزن دار پیالی یا ٹوپی جس کو اس قدر بوجھل بنایا جاتا ہے کہ تیرتے وقت آلہ کا توازن قائم رہتا ہے۔ (ماخوذ: سکون سیالات، 160)
9. چوب کے سرے میں ڈالا جانے والا خیمے کا وسطی سوراخ جس کے گرد مضبوطی کے لیے چمڑے کی گوٹ سلی ہوتی ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 6:1)
10. کیل یا آلپین وغیرہ کے اوپر کا حصہ۔
"تیسرا اس کے ٹکڑے کرتا ہے ان ٹکڑوں کے سرے بناتا ہے پانچواں ان ٹکڑوں کے سروں کو اس لیے ریت سے درست کرتا ہے کہ ان پر ٹوپی بٹھائی جائے۔"، [7]
11. گول ڈھکن جو بھَٹے کے اوپر جھونک روزنوں کے سروں پر ڈھانکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
"جب آگ جل رہی ہو تو جھونک روزنوں کے سروں پر ڈھانکنے کے لیے ڈھلواں لوہے کی ٹوپیاں بھی درکار ہیں۔"، [8]
12. دھات وغیرہ کا بنا ہوا گول پیچ یا لیور۔
"ٹوپی (Cap) کھول لینے کے بعد پیڈل کے دھرے پر کسا ہوا نٹ ظاہر ہو جاتا ہے۔"، [9]
13. دوربین کے منہ کا ڈھکنا؛ یورپ کی مختلف قومیں۔ (نوراللغات؛ جامع اللغات)
14. آتشبازی کی بارود کو ڈھکنے یا بند کرنے کا اوپر کا کاغذ۔
"بالائی منہ پر بھی کاغذ کی ایک ٹوپی سی چڑھا دیں۔"، [10]
انگریزی ترجمہ
[ترمیم]a hat, cap,; cap (of a gun); cover or cap (as of a telescope); head or top (of a thing)
مترادفات
[ترمیم]کَیپ، کُلاہ، تاج، کَلْغی،
مرکبات
[ترمیم]ٹوپی بَدَل بھائی، ٹوپی دار بَنْدُوق، ٹوپی والا
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ ( 1938ء، حرماں نصیب، 8 )
- ↑ ( 1932ء، قطب یار جنگ، شکار، 54 )
- ↑ ( 1853ء، دفتر فصاحت، 87 )
- ↑ ( کلید عطاری، 130 )
- ↑ ( 1976ء، سالنامہ، نقوش، جنوری، 157 )
- ↑ ( 1943ء، مبادی نباتیات، 817:2 )
- ↑ ( 1868ء، رسالہ سیاست مدن، 150 )
- ↑ ( 1948ء، اشیائے تعمیر، 46 )
- ↑ ( 1970ء، دھات کاری، 71 )
- ↑ ( 1903ء، آتشبازی، 87 )